بوٹ دفاع کی مثال، اس طرح سیاست میں لانا غلط ہے، فردوس عاشق

January 16, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

بوٹ دفاع کی مثال،اس طرح سیاست میں لانا غلط ہے،فردوس عاشق

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بوٹ تو ہمارے دفاع کی مثال ہیں ان کو اس طرح سے سیاست میں لانا غلط ہے،کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کراچی میں روٹی کی قیمت وزن کے حساب سے مقرر کردی ہے ۔ صارفین 120گرام پیڑے کی روٹی10 روپے اور 110گرام وزن کی چپاتی 8 روپے کی خرید سکیں گے ،صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے ن لیگ والے مسلسل غلط بیانی کررہے ہیں میں نے لندن ڈاکٹر عدنان سے بات کرکے فوری طور پر خود رپورٹ بھجوانے کا کہا ہے،ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جھوٹ تو یاسمین راشد بول رہی ہیں ، اس سے پہلے بھی جب میاں صاحب کا لندن میں بائی پاس ہوا تھا تب بھی عمران خان ہی اس کو جھوٹ کہا کرتے تھے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا فیصل واوڈا کی حرکت کے حوالے سے کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی کی پالیسی نہیں ہے نہ ہی عمران خان اس کو پسند کریں گے کہ خواہ کوئی ان کی جماعت کا ہو یا جماعت سے باہر کا کہ وہ افواج پاکستان کو سیاست میں لانے کی کوشش کرے ۔ یہ بوٹ تو ہمارے دفاع کی مثال ہیں ان کو اس طرح سے سیاست میں لانا غلط ہے ۔ اس کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ فیصل واوڈا نوجوان اور ابھرتے سیاسی لیڈر ہیں وہ سوشل میڈیا کی سیاست کی طرف دیکھ رہے ہیں جہاں ووٹ کو عزت دو کو بوٹ سے جوڑ دیا گیا ہے لیکن جو سوشل میڈیا کا بیانیہ ہے اس کو اس انداز سے قومی بیانیہ کے ساتھ جوڑا نہیں جاسکتا ہے کہ وفاقی وزیر اس کمپین میں شامل ہوجائے جو سوشل میڈیا پر چل رہی ہو ۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کراچی میں روٹی کی قیمت وزن کے حساب سے مقرر کردی ہے ۔ صارفین 120 گرام پیڑے کی روٹی 10 روپے اور 110 گرام وزن کی چپاتی 8 روپے کی خرید سکیں گے ۔کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضرورت اس وجہ سے پیش آئی کہ کراچی میں مسلسل آٹے کی قیمت بڑھ رہی ہے لیکن روٹی کی قیمت ابھی تک فکس نہیں ہوئی تھی جس کے باعث کہیں روٹی 15کی تو کہیں 12کی مل رہی تھی ۔ اس لے ہم نے اس کی قیمت مقرر کرکے ایک چیک اور ریگولیشن لگادی ہے امید ہے کہ اس سے عام آدی کو ریلیف ملے گا ۔