سوئی ناردرن گیس کی کنٹریکٹ گاڑیوں کو4ماہ سے بل ادانہ ہوسکے

January 17, 2020

لاہور(سپیشل رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لاہور ریجن میںکنٹریکٹ گاڑیوںکو چار ماہ سے بل ادا نہ ہو سکے جس کے باعث محکمہ میںگاڑیوں کی قلت پید ا ہو گئی ہے ۔ سوئی ناردرن کنٹریکٹ گاڑیوں کو یومیہ 1100روپے معاوضہ ادا کر تی ہے لیکن مالکان کو چار ماہ سے ادائیگیاں نہیںہو سکیںجس کے بعدمتعددگاڑیوں کے مالکان نے کنٹریکٹ ختم کردیا ہے ۔متاثرہ ڈرائیوروںنے بتایا کہ چار برسوںسے گاڑیوں کے معاوضہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ، 1100روپے یومیہ معاوضہ طے ہونے کے بعد مہینے کے آخر میں چھ فیصد ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے دن بھر صارفین کی شکایات دور کر تے ہیں اور رات افسروں کے گھروں میںڈیوٹی لی جاتی ہے جس سے سوئی ناردرن لاہور ریجن میںگاڑیوںکی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور سردیوںمیں صارفین کی گیس پریشر کی شکایات دور کرنے میں دشواریوںکا سامنا ہے۔جنرل منیجر لاہور ریجن شہزاد اقبال لون نے کہا کہ سردیوںمیں صارفین کی شکایات میں اضافہ ہو گیا جبکہ دوسری جانب پرانے ماڈل کی گاڑیوںکو نکال دیا گیا جس سے گاڑیوںکی عارضی قلت پیدا ہو گئی ، نئے ماڈل کی گاڑیوںسے کنٹریکٹ ہو رہے ہیں جس سے گاڑیوں کی قلت دور ہو جائے گی۔