احمد شہزاد، عامر کی عدم شمولیت پر غیرملکی کرکٹرز بھی حیران

January 17, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

احمد شہزاد، عامر کی عدم شمولیت پر غیرملکی کرکٹرز بھی حیران

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے احمد شہزاد کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن اور سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عبدالرزاق نے سوالات اٹھادیے، سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈراپ کئے جانے پر حیران ہیں۔

بنگلادیش پریمئر لیگ میں شاندار کارکردگی کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کو بنگلادیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا لیکن ٹیم کا اعلان کیا گیا تو محمد عامر کی شمولیت نہ ہونے پر ہر طرف ہلچل مچ گئی۔

قومی ہی نہیں بلکہ غیر ملکی کرکٹرز نے بھی اس پر حیرت کا اظہار کیا، سابق آسٹریلوی بیٹسمین اور پی ایس ایل فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق اور کراچی کنگز کے موجودہ ہیڈ کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ عامر کا ڈراپ ہونا پی ایس ایل سے پہلے اُن کی ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔

انگلش کرکٹر کیون پیٹرسن نے ٹوئٹ کیاکہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ،اس میں حیران کن بات یہ ہے کہ احمد شہزاد شامل نہیں، احمد کی پی ایس ایل اور ڈومیسٹک میں پرفارمنس قابل تعریف ہے۔

پاکستان کے سابق آل راؤنڈ ر عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کو نظر انداز کیا جانا مایوس کن ہے، بنگلہ دیش کے خلاف اس کی پرفارمنس بہترین رہی ہے، اُسے ٹیم میں ہونا چاہیے تھا۔

محمد عامران دنوں بنگلا دیش پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں ، دو روز پہلے ہی انہوں نے حریف ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ جمعہ 24 جنوری، دوسرا ہفتہ 25 جنوری اور تیسرا اور آخری میچ پیر 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔