عماد بٹ کا بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کا امکان

January 20, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) توقع ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20 سیریز میں آل رائونڈر عماد بٹ کو انٹر نیشنل کیپ ملے گی۔انہوں نے جیک کیلس اور اینڈریو فلنٹوف کو پسندیدہ آل راونڈرز قرار دیا ہے۔۔وہ کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم میں عبدالرزاق کی کمی پوری کرنے کی کوشش کروں گا ۔ اچھا ہوا اپنے کھیل میں خامیوں کو دور کرکے مجھے دوبارہ چانس ملا ہے۔ پر امید ہے کہ کھیلوں گا اور کارکردگی دکھائوں گا۔ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی کے لیے بھی اعزاز کی بات ہوتی ہے، بنگلہ دیش کے خلاف موقع ملا تو بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔ عماد بٹ کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق کی کمی ضرور محسوس ہوتی ہے، پاکستان ٹیم میں آل رائونڈر کا خلا پوری کرنے کی کوشش کروں گا، میں کسی ایک شعبے میں نہیں بلکہ بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں میں نام کمانا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ بطور آل راؤنڈر پہچانا جاؤں۔ عماد بٹ نے کہا کہ پاکستان میں اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، بنگلہ دیش اچھی ٹیم ہے، عمدہ پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔کوشش ہوتی ہے کہ اچھا پرفارم کر کے سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتروں۔