اسلامی جمعیت طلبہ کی دو روزہ سید مودودی کانفرنس اختتام پذیر

January 20, 2020

پشاور( سٹاف رپورٹر ) اسلامیہ کالج پشاور کے خیبر یونین ہال میں اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور کے زیر اہتمام دو روزہ سید ابوالااعلی مودودی کانفرنس اختتام پزیر ہوگئی۔ قومی کانفرنس کے آخری روز امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان،ڈاکٹر دوست محمد،ڈاکٹر عطاء الرحمن،ڈاکٹر شمس الحق حنیف،معروف کالم نگار شاہنواز فاروقی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی محمد عامر نے خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ سید مودودی زیر زمین تحریکوں، خفیہ تنظیموں اور پر تشدد تبدیلی کے خلاف تھے اور جمہوری، آئینی، قانونی اور برسر زمین پرامن انداز سے جدوجہد کے داعی تھے۔ جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ ان کا بیش بہا سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا مودودی نے مغربی تہذیب پر شدید تنقید کی ہے اور اس کو جدید جاہلیت کہا ہے۔ مولانا کی فکر دور جدید کی فکر ہے ہمیں مولانا مودودی کی فکر کے ساتھ چلنے اور اسلام کو نظریہ کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ انسانیت روحانی اضطراب سے دوچار ہے، انسانیت کو اس اضطراب سے نکالنے کے لئے انہیں اسلام کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے اس موقع پر ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر ،ڈاکٹرعطاء الرحمن ، ڈاکٹر دوست محمد اور ڈاکٹر شمس الحق حنیف نے کظاب کیا ۔ پر وگرام کے اختتام پر ناظم صوبہ شکیل احمد اور ناظم یونیورسٹی کیمپس پشاور اول شیر خان نے مہمانان کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔