نالائقی کا سونامی ملک کو تباہ کرچکا، ہر محب وطن پاکستانی فکرمند، ظلم کی یہ حکومت مزید نہیں چل سکتی، شہباز شریف

January 21, 2020

لندن،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ظلم کی حکومت ہے جو مزید نہیں چل سکتی۔ نالائق حکومت جاری رہی تو خدانخواستہ پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان ہو جائے گا۔ مزدور سے روزگار تو پہلے ہی چھن چکا ہے، اب اس کے بچوں کا نوالہ بھی چھین لیاگیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی فکر ہے، نالائق ٹولے سے جس قدر جلد نجات ہوگی، پاکستان کے قومی، عوامی مفادات کے لئے اچھا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ٹولے سے ملک و قوم کو آزادی دلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے جب کہ تکبر، ضد اور حماقتوں نے ملک کے ہر شعبہ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پابندی کے باوجود 48000 میٹرک ٹن گندم کیسے برآمد کی گئی اور ایک ارب 83 کروڑ روپے کس کی جیب میں گئے۔شہباز شریف نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر پارٹی کے قائدین کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ تمام سیاسی قائدین اور جماعتوں کے پارلیمانی سربراہان سے رابطہ کرکے ٹھوس حکمت عملی وضع کریں، ہم عوام کو نالائق ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، گندم اور اس پر مال کس کس نے کھایا، ایک ایک پائی کا قوم کو حساب دینا ہوگا۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 16ماہ میں ناقابلِ تلافی تباہی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا صرف نالائقی ہے یا جان بوجھ کی جا رہی ہے؟ 16ماہ میں عوام کو نواز شریف کے ترقی کرتے پاکستان اور عمران صاحب کے نئے پاکستان میں فرق پتہ چل گیا ہے۔ عمران خان کی نالائقی کا سونامی پورے ملک کو تباہ کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تباہی کا یہ سفر نہ رکا تو پورا پاکستان خدانخواستہ لنگر خانے میں تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو تباہی کے گڑھے کی طرف موڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں چوروں نے گندم اور چینی میں اربوں روپے کمالئے۔ عمران خان کی نااہلی کا رونا پیاز سے لے کر ٹماٹر کے نایاب ہونے تک ہر گھر میں رویا جارہا ہے۔ حکمران14 فیصد بدترین مہنگائی، 16 ماہ میں تاریخی 11000ارب قرض لبکر نالائقی کا ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ سوال پوچھ رہے ہیں کہ عمران صاحب دانستہ پاکستان کے قومی مفادات کا خون کررہے ہیں۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے پاکستان کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔