ایس آئی یو ٹی میں بریسٹ کینسر وارڈ قائم، وزیر صحت نے افتتاح کیا

January 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یوٹی ) میں بریسٹ کینسر وارڈ قائم کر دیا گیا ۔ جس کا افتتاح پیر کو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کیا۔ اس موقع پر ایس آئی یو ٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر ادیب رضوی ، وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر بشریٰ شیرازی و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ادیب رضوی نے کہا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کی شرح میں تیزی سےاضافہ ہو رہا ہے۔ یہ مہلک بیماری خواتین کے لیے بہت خطرے کی علامت بن چکی ہے اور تقریباً ہر 9خواتین میں سے 1 خاتون اس بیماری میں مبتلا ہے۔ بریسٹ کینسر کی یہ شرح ایشیا کے دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔ جس کا عموماً خواتین کو علم نہیں ہوتا اور تشخیص کی تاخیر سے مرض کا علاج مشکل ہو جاتا ہے ۔ اس ضرورت کے پیش نظر ایس آئی یو ٹی میں2017 میں ایک یونٹ کا آغاز کیا گیا اور آج وارڈ کا افتتاح کر دیا گیا ہے جس کا مقصد بریسٹ کینسر کے مریضوں کا جدید طریقوں اور سہولتوں کے ذریعے علاج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی یوٹی اس نئے شعبے میں ریڈیالوجی، پیتھالوجی اور سرجری کی سہولتوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ان کا مذید کہنا تھا کہ ایس آئی یو ٹی 48 شعبہ جات کے ساتھ گزشتہ چار دہائیوں سے مریضوں کی خدمت کر رہا ہے ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہونے ایس آئی یوٹی کی کارکردگی کی تعریف کی ۔ انہوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ ان کی گراں قدر خدمات کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے یقین دلایاکہ وہ اس نئے وارڈ کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گی۔ان کا مذید کہنا تھا کہ یہاں مریضوں کو عزت کے ساتھ صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر بشریٰ شیرازی نے ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا اور اس مہلک بیماری کے علاج اور اس سے متعلق حفاظتی تدابیر کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ بعد ازاں انہوں نے فیتا کاٹ کر اورڈ کا افتتاح کیا۔