پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں ، چوہدری امانت مہر

January 22, 2020

بارسلونا(جواد چیمہ)معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہرنے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جنگ سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری مشکل بھی ہے اور آسان بھی ہے،غیر ملکیوں کے لئے مشکل ہے کیونکہ وہ وہاں کے نظام کو نہیں سمجھتے، پاکستانی اوورسیز وہاں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں ان کے لئے آسان ہے کیونکہ وہ اس نظام کو بہتر سمجھتے ہیں اور وہاں پر ان کے اچھے تعلقات ہوتے ہیں ۔ہر پاکستانی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے وطن عزیز میں واپس جائے اور وہاں پر سرمایہ کاری کرے ۔سسٹم کو دیکھیں اور کاروبار کے مواقع دیکھیں تو پاکستان میں زیادہ بہتر مواقع موجود ہیں۔چوہدری امانت حسین مہرنے مزیدکہاکہ پاکستان میں بہت سی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ یورپ اور پاکستان کے نظام میں بہت زیادہ فرق ہے۔آپ دنیا بھر میں کہیں بھی سرمایہ کاری کریں کوئی کاروبار کریں شروع میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔میری کی رائے ہے اور تجربہ بھی ہے کہ انسان کو وہی کام کرنا چاہیئے جسے وہ جانتا ہو جس میں وہ تجربہ رکھتا ہو۔