چولستان جیپ ریلی، پنجاب حکومت کا بڑا ایونٹ ایک ہزار خیمے لگیں گے

January 22, 2020

کراچی(جنگ نیوز) پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر سیاحت پنجاب آصف محمود نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے ملک میں سیاحت کوفرو غ دیاجائے اس لئے بہاولپور چولستا ن میں ڈیزرٹ جیپ ریلی فروری میں ایک بڑا ایونٹ ہونے جا رہا ہے جس میں ایک ہزار خیمے لگائے جائیں گے کلچرل نائٹ میوزیکل شو کااہتما م ہوگا، ثقافتی ورثہ اور تاریخی مقامات کا دورہ کرائیں گے۔ پروگرام میں فیصل واوڈا کی امریکی شہریت کے حوالے سے گفتگو کی گئی،گلوکارہ نتاشا بیگ پروگرام کی مہمان بنیں۔پشاور میں نان بائی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا ذکر بھی کیا گیا۔سندھ کے وزیر سعیدغنی، رہنما مسلم لیگ ن عطاء تارڑ،رہنما پی ٹی آئی صداقت علی عباسی،ق لیگ کے رہنما مونس الہیٰ،ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمدخان، وزیرخوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری کے علاوہ ٹک ٹوک اسٹار صندل خٹک بھی پروگرام میں شریک تھیں۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ پنجاب بڑابھائی ہونے کے ناطے دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کاجذبہ رکھتا ہے صوبوں سے ہر ممکن تعاون کیاجائے گا۔سندھ کے وزیر سعیدغنی نے کہا کہ آئی جی سندھ کے حوالے سے ہمارے تحفظات کافی عرصے سے ہیں وزیراعلیٰ سندھ نے کئی مواقع پر آئی جی سندھ کو بلایا اوراپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔