جراثیم سے محفوظ رکھنے والا موبائل کور تیار

January 22, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

جراثیم سے محفوظ رکھنے والا موبائل کور تیار

ایک ایسا اینٹی بیکٹیریئل مواد سامنے آیا ہے جسے موبائل فون کے کورز کو بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے تاکہ موبائل استعمال کرنے والے کو جراثیم لگنے سے محفوظ رکھا جاسکے۔

دنیا بھر میں آئے دن نت نئے وائرس سامنے آرہے ہیں، جن کی تصدیق لیبارٹری سے بھی کی جارہی ہے، یہ وائرس بیماریوں کا باعث بنتے ہیں جبکہ کبھی کبھار تو یہ جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں۔

ہم اپنے فون کو استعمال کرتے ہوئے ضرورت پڑنے پر کسی بھی جگہ پر رکھ دیتے ہیں، یا کبھی کسی دوسرے شخص کے ہاتھ میں بھی تھمادیتے ہیں، لہٰذا اس طرح کا کوئی بھی عمل کرتے وقت یہ جراثیم پہلے موبائل فون پر یا اس پر موجود کور پر لگتے ہیں اور پھر ہمارے ہاتھوں پر لگ کر اور ہمارے کھانے کا حصہ بن کر جسم میں داخل ہوسکتے ہیں۔

برطانوی سائنسدانوں نے وائرس سے بچنے کے لیے ایک منفرد طریقہ ڈھونڈ لیا، یہ کوئی دوا نہیں بلکہ استعمال کرنے کی چیز ہے۔

ان سائنسدانوں نے تھری ڈی پرنٹڈ پارٹس تیار کیے ہیں جو ایسے جراثیم کو قتل کرسکتے ہیں جو جراثیم کش دوا کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں، جن میں ایم آر ایس اے جیسے جراثیم بھی شامل ہیں۔

اس مواد کو اسپتالوں کے آلات، دروازوں کے ہینڈل، بچوں کے کھلونوں اور روزمرہ کے استعمال کی چیزیں بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اس کی مدد سے بہت سے وائرس کو جسم میں داخل ہونے اور اپنے اردگرد پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے مکینیکل انجینیئر ڈاکٹر کینڈیس مجیسکی کا کہنا تھا کہ خطرناک جراثیم، انفیکشنز اور جراثیم کش دواؤں کی مزاحمت میں سامنے آنے والے جراثیم عالمی مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس نئی تھری ڈی پرنٹڈ پروڈکٹ کے بارے میں کہا کہ اس وقت ان کا کوئی اضافی کام نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسی اینٹی بیکٹیریل مصنوعات اور ڈیوائسز جراثیم سے لڑائی میں اہم ترین ہتھیار ہوسکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹکس کے مزاحمت کی وجہ سے پوری دنیا کے انسانوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔

ماہرین کی جانب سے اس زمانے کو جراثیم کا زمانہ قرار دیا جاتا ہے جہاں لوگ چھوٹے سے انفیکشن کی وجہ سے بھی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

اس خطرے سے لڑنے کے لیے یونیورسٹی آف شیفیلڈ کے سائنسدانوں نے تھری ڈی تکنیک کی مدد سے جراثیم کش مرکب سے ایسی مصنوعات تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو جراثیم کو ختم کرنے کا بھی کام کر سکیں۔

اس کے لیے ماہرین نے پہلے ایک موبائل فون کوَر تیار کیا ہے، جس کے مائیکرو اسکوپک مشاہدے میں دیکھا گیا کہ بغیر کسی منفی اثر کے ساتھ اینٹی بیکٹیریل مادہ اس کوَر میں موجود ہے۔