محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ حل کیا جائیگا،صدر مملکت

January 25, 2020

کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) صدر پاکستان عارف علوی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسنوکر چیمپئن محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ حل کیا جائے گا، میں متعلقہ اداروں کو کہوں گا کہ اسنوکر کے معاملات کو ترجیحی بنیاد پرطے کیا جائے، اس بات کا اظہار انہوں نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ جس میں ایسو سی ایشن کے کو چیئرمین عالمگیر شیخ، صدر منور حسین شیخ اور ٹاپ کھلاڑی محمد آصف شامل تھے۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ہم نے صدر پاکستان کو بتایا کہ محمد آصف نے دو بار ورلڈ چیمپئن شپ جیت کر بھارت کے پنکج ایڈوانی کا ریکارڈ برابر کیا ہے۔ ہم اسپورٹس پالیسی کے تحت حکومت سے انعامی رقم کا تقاضہ کررہے ہیں ۔ امکان ہے کہ ہمارے مسائل خصوصاً محمد آصف کی انعامی رقم کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔