دس کھرب فریمز فی سیکنڈ کی رفتار سے تصاویر کھینچنے والا کیمرا ایجاد کرلیا گیا

January 25, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کال ٹیک) کے ماہرین نے ایک ایسا کیمرا ایجاد کرلیا ہے جو ایک سیکنڈ میں دس کھرب فریم تک کی تصاویر کھینچ سکتا ہے۔ اس نئی ڈیوائس کو فیز سینسیٹو کمپریسڈ الٹرا فاسٹ فوٹوگرافی (پی کپ) کا نام دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسی بھی کیمرا کا اتنی تیزی سے فوٹوگرافی کرنا ہمیشہ سے ہی حیران کن بات رہی ہے لیکن ماہرین کی اسی ٹیم کی جانب سے 2018ء میں بھی ایسا ہی کیمرا ایجاد کیا گیا تھا جس میں 100؍ کھرب فریمز فی سیکنڈ کی رفتار سے فوٹو کھینچنے کی صلاحیت تھی لیکن نئے ایجاد کردہ کیمرے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ شفاف اجسام (ٹرانسپیرنٹ آبجیکٹس) اور ایسے تمام مظاہر کی تصاویر کھینچ سکتا ہے جو انسانی آنکھ کیلئے دیکھنا نا ممکن ہے، مثلاً شاک ویویز (Shockwaves) ۔