پولیو کیخلاف پروپیگنڈا کو ناکام بنانے کیلئے اقدامات پر اتفاق

January 26, 2020

پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ ناصر باغ پولیس اور پی ایل سی ممبران نے پولیومہم کو کامیاب بنانے محکمہ صحت کے ملازمین کاساتھ دینے کا عزم کیا ہے ۔سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز ایس ایچ او ناصربا غ امتیازخان کی سربراہی میں پشاور کے نواحی علاقہ ناصر باغ میں پی ایل سی ممبران اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ پولیو مہم کے حوالے سے خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے اہلکاروں، ڈاکٹروں، پولیو ورکرز، پی ایل سی ممبران، منتخب عوامی نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، میٹنگ کے دوران شرکاء نے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پولیو کے خلاف مہم حالیہ پروپیگنڈا مہم کو ناکام بنانے کے لئے بھر پوراقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا، شرکاء نے پولیو ویکسین کی افادیت سے عوام کو آگاہ کرنے اور بچوں کی حفاظت کی خاطر پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا، اجلاس میں شریک مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پولیو کے خلاف منفی پروپیگنڈے اور افواہ پھیلانے والوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کو بھر پور سراہا ۔