واسا کے پرانے منصوبے نئے بنا کر پیش ، فنڈز بھی نہ ملے

January 27, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر) واسا ملتان کے ایک برس قبل منظور کیئے گئے منصوبے نئے بنا کر پیش کردیئے گئے ۔ مختص فنڈز بھی جاری نہ ہو سکےدوسری طرف شہر حلقوں نے انتظامیہ کی ان قلابازیوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محض اعلانات کرنے کی بجائے مذکورہ منصوبوں کے فنڈز کے اجراءبارے عملی اقدام اٹھایا جائے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ واسا ملتان نے پنجاب حکومت سے اکتوبر2018ء میں پیش کیئے جانے والے صوبائی بجٹ میں6ترقیاتی سکیموں کےلئے 37ارب روپے سے زائد کی رقم مانگی تھی لیکن صوبائی بجٹ میں واسا ملتان کے لئے صرف دو سکیمیں منظور کر کے 4ارب 93کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے جو کہ ایک برس سےزائد عرصہ گزرجانے کے باوجو د تاحال جاری نہیں کیےگئے ۔ پرانے منصوبوں کے نئے اعلان پر ملتان کے شہریوں نے سخت ردعمل کا اظہارکیا۔ محمد شاہد ، شاہدمنظور ، حلیم احمد ، محمد عمران اور سمیع اللہ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واسا اور ضلعی انتظامیہ عوام کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ بند کرے۔