سندھ ہائیکورٹ، آئی جی سندھ کلیم امام کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف حکم امتناع ختم

January 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آئی جی سندھ کلیم امام کو ہٹانے سےمتعلق حکم امتناعی ختم کر تے ہوئےحکم دیا ہےکہ صوبائی و وفاقی حکومت کو قانون کے مطابق آئی جی سندھ تعینات کیا جائے۔

منگل کو سماعت کے موقع پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین ودیگر حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئےایڈووکیٹ جنرل سندھ نے فاضل عدالت کو بتایاکہ صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے مشاورت مکمل کر کے عدالتی فیصلے پر عمل کرلیا لہٰذامذکورہ درخواست نمٹا تے ہوئے حکم امتناع ختم کیا جائے کیونکہ حکم امتناع کی صورت میں آئی جی سندھ کی تعیناتی کا عمل آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

اس موقع پر درخواست گزار جبران ناصر کی جانب سے کہاگیاکہ انکے وکیل دیگر مقدمات میں پیروی کیلئے دوسری عدالت میں مصروف ہیں لہٰذا درخواست کو مزید سننے کیلئے حکم امتناع ختم نہ کیاجائے بلکہ ایک روز کیلئے سماعت ملتوی کی جائے۔

بینچ کے سربراہ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہاکہ تعیناتی کا معاملہ حل ہوگیاہےتو پھر حکم امتناع کیوں برقرار رکھیں۔