عمران خان کو ایک نہیں 2 ٹیکے لگنے چاہئیں، مریم اورنگزیب

January 29, 2020

عمران خان کو ایک نہیں 2 ٹیکے لگنے چاہئیں، مریم اورنگزیب

ترجمان لیگ مریم اورنگزیب نے وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ جو باتیں کر رہے ہیں، اس کے بعد آپ کو ایک نہیں 2 ٹیکے لگنے چاہئیں۔

مریم اورنگزیب نے وزیرِ اعظم عمران خان پر طنز کے نشترچلاتے ہوئے کہا کہ ہے کہ عمران صاحب آپ عوام کو گمراہ کرتے ہیں کیوں کہ آپ کی کابینہ آپ کو گمراہ کرتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 16 ماہ میں روزگار، کاروبار، معیشت ہر شعبے کو تباہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ آٹے، چینی کے بحران کے ذمہ دار خسرو بختیار اور جہانگیر ترین ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز انکشاف کیا تھا کہ 2013ء میں جب وہ اسٹیج کی سیڑھی سے گر کر زخمی ہوئے تو شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم نے ایسا ٹیکا لگایا کہ درد دو ر ہوگیا تھا اور انہیں نرسیں حوریں نظر آنے لگیں تھیں.

عمران خان نے کہا کہ ٹیکا لگنے کے بعد انہوں نے عوام کے نام خطاب بھی ریکارڈ کرایا درد دوبارہ ہونے لگا تو ڈاکٹر سے کہا کہ ایک ٹیکہ اور لگاؤ جبکہ ڈاکٹر نے دوبارہ ٹیکا نہیں لگایا تو انہوں نے ڈاکٹر کو دھمکی بھی دی تھی۔