لالچی چیونٹی

February 01, 2020

نسرین پروین

ایک دفعہ کا ذکر ہے ایک چیونٹی جو کے دانے جمع کرنے کے لیے ایک رستے سے گذر رہی تھی کہ اچانک اس کی نظر شہد کے ایک چھتے پر پڑی۔ شہد کی خوشبو سے اس کے منہ میں پانی بھر آیا۔ چھتّا ایک پتھر کے اوپر تھا۔ چیونٹی نے ہر چند کوشش کی کہ وہ پتھرر کی دیوار سے اوپر چڑھ کر چھتے تک رسائی حاصل کرے، مگر ناکام رہی کیوں کہ اس کے پاؤں پھسل جاتے تھے اور وہ گر گر پڑتی تھی۔

شہد کے لالچ نے اسے آواز لگانے پر مجبور کر دیا اور وہ فریاد کرنے لگی: " مجھے شہد کی طلب ہے۔ہے کوئی جو مجھے شہد کے چھتے تک پھنچا دے تو میں اسے معاوضہ طور پر ایک جو دوںگی۔"

ایک پر دار چیونٹی ہوا میں اڑتی ہوئی وہاں سے گزر رہی تھی، اس نے چیونٹی کی آواز سنی تو اسے تنبیہ کرنے لگی: " دیکھو، چھتے کی طرف جانے کی خواہش مت کرو، اس میں بڑا خطرہ ہے۔"

چیونٹی بولی، " فکر نہ کرو، مجھے پتا ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے۔"

پر دار بولی: " وہاں شہد کی مکھیاں ہیں جن کے ڈنک ہیں۔"

چیونٹی بولی: " میں شہد کی مکھیوں سے نہیں ڈرتی، مجھے شہد چاہیئے۔"

پر دار بولی : " شہد چپک جاتاہے۔ تمہارے ہاتھ پاؤں اس میں الجھ جائیں گے۔"

چیونٹی بولی: اگر یونہی ہاتھ پاؤں چپک جایا کرتے تو کوئی شہد نہ کھاتا۔"

پر دار بولی: " تم بہتر جانتی ہو۔ لیکن، میری بات سنو اور شہد کا خیال چھوڑو۔ میں پر دار ہوں،اور تجربہ رکھتی ہوں۔ چھتے کی طرف جانا بہت مہنگا پڑے گا اور ممکن ہے تم کسی مصیبت میں گرفتار ہو جاؤ۔"

چیونٹی بولی: " اگر ممکن ہو تو اپنی مزدوری لو اور مجھے وہاں تک پہنچا دو۔ اگر تم ایسا کرنے سے قاصر ہو تو زیادہ جوش نہ کھاؤ. مجھے کسی سرپرست کی ضرورت نہیں اور جو نصیحت کرتا ہے مجھے ایک آنکھ نہیں بھاتا۔"

پر دار بولی: " ممکن ہے کوئی ایسا نکل آئے جو تمھیں وہاں تک پہنچا دے لیکن اس میں کوئی بھلائی نظر نہیں آتی اور جس کام کا انجام اچھا نہ ہو، میں اس میں معاونت نہیں کرتی۔"

چیونٹی بولی: " میں تو آج ہر قیمت پر چھتے تک پہنچوں گی۔"

پر دار نے اپنی راہ لی اور چیونٹی نے دوبارہ آواز لگائی : کوئی ہے جو مجھے شہد کے چھتے تک پہنچادے اور معاوضے میں ایک جَو مجھ سے وصول کر لے؟"

اچانک ایک مکھی کا وہاں سے گذر ہوا۔ اس نے کہا " بے چاری چیونٹی! تمھیں شہد کی طلب ہے اور تمہیں اس کا حق ہے۔ میں تمہاری آرزو برلاتی ہوں۔"

چیونٹی بولی : " الله برکت دے، خدا تمھاری عمر دراز کرے۔ تم میری خیر خواہ ہو۔ " مکھی نے چیونٹی کو زمین سے اٹھایا اور اسے چھتے کے قریب بٹھا کر خود اڑ گئی۔

چیونٹی حد درجہ مسرور تھی۔ کہنے لگی : " واہ واہ! کیسی سعادت ہے کیسا چھتا ہے، کیسی اچھی خوشبو ہے، کیسا عمدہ شہد ہے کیا مزہ ہے اس میں۔ اس سے بڑھ کر اور کیا خوش قسمتی ہو سکتی ہے۔ چیونٹیاں کس قدر بد قسمت ہیں کہ گندم اور جو جمع کرتی رہتی ہیں اور کس وقت بھی ان کا رخ شہد کے چھتے کی جانب نہیں ہوتا۔"

چیونٹی نے ادھر ادھر سے کچھ شہد چاٹا اور آگے بڑھتی گئی حتی کہ شہد کے حوض میں جا پہنچی اور اچانک اسے محسوس ہوا کہ اس کےہاتھ پاؤں شہد سے چپک گئے ہیں اور اس کے لئے اپنی جگہ سے حرکت کرنا ممکن نہیں رہا۔

جب چیونٹی کو پڑا شہد سے کام اے وائے

حوض میں شہد کے، پاؤں ہوئے لت پت اس کے

پڑگیا سست تڑپنے سے جو اس کا پیوند

دست و پا کارنے سے سخت ہوا اور بھی بند

اس نے اپنی نجات کے لئے جس قدر کوشش کی، بے نتیجہ رہی۔ تب اس نے فریاد کی : " عجب طرح پکڑی گئی ہوں۔ اس سے بڑھ کر اور کیا بدبختی ہوگی، اے لوگو! مجھے نجات دلاؤ۔ کوئی ہےجو مجھے اس چھتے سے باہر نکالے اور میں اسے دو جو انعام میں پیش کروں؟ "

پیش کش پہلے تھی اک جو کی سو اب دو کی ہے

اس جہنم سے نکلنے کی یہی سوجھی ہے!

عین اس وقت پر دار چیونٹی اپنے سفر سے واپس آرہی تھی۔ اسے اس حال میں دیکھ کر پر دار کو بڑا دکھ ہوا اور اس نے فوراً اس کو مصیبت سے نکالا۔ پھر بولی:" میں تمہیں سرزنش نہیں کرنا چاہتی لیکن اتنی بات ضرور کہوں گی کہ زیادہ لالچ گرفتاری کا سبب بن جاتا ہے۔ آج تو تمہارا نصیب بلندی پر تھا کہ میں اچانک یہاں پہنچ گئی لیکن آیندہ محتاط رہنا۔ گرفتاری سے پہلے نصیحت کو غور سے سن لینا اور کسی مکھی سے مدد نہ مانگنا۔ مکھی چیونٹی کی ہمدرد نہیں اور اس کے لیے چیونٹی کا خیرخواہ ہونا ممکن بھی کہاں ہے؟