• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل کریم کنڈی کا سہیل آفریدی کو اسلام آباد لانگ مارچ ختم کرنے کا مشورہ

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اسلام آباد لانگ مارچ ختم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

پشاور میں جیو نیوز سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اسلام آباد لانگ مارچ ختم کرنے اور تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل جرگہ بلا کر امن کے لیے بات چیت کا مشورہ دیا۔

گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ وفاق کے بغیر صوبہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ سکتا. صوبائی حکومت کو وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے صوبے میں گورنر راج کو آئینی قرار دیدیا اور کہا کہ 1973 کے آئین میں گورنر راج کی گنجائش موجود ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا کے امن کےلیے توجہ دی جائے، صوبے کے مفاد کےلیے احتجاج مؤخر کیا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن و خوشحالی کےلیے بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں. ہمارا صوبہ احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو قیام امن کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ سہیل آفریدی جارہے ہیں یا کوئی اور آرہا ہے، پارٹی ترجمان ہی بتا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کےلیے تاریخ پھر تبدیل ہوگی، یہ تاریخ پر تاریخ والا معاملہ ہے۔ روزانہ لاشیں اٹھارہے ہیں، ایسےحالات میں اسلام آباد پر چڑھائی مناسب نہیں، اس کا نتیجہ صفر ہوگا۔

قومی خبریں سے مزید