کورونا وائرس کیخلاف چین میں پاکستانی ڈاکٹر کی خدمات

February 03, 2020

پاکستان کے شہر جہلم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ نے چین سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے خلاف رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کر دیں۔

پاکستان میں موجود چین کے سفارت خانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے کئے گئے ایک ٹوئٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان چانگشا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر محمد عثمان جنجوعہ کا تعلق دینہ، جہلم، پاکستان سے ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عثمان جنجوعہ چین کے صوبہ ہنان کے دارالحکومت چانگشا کی چانگشا میڈیکل یونیورسٹی میں سال 2016 سے بحیثیت استاد خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

کورونا وائرس کے تیزی سے دنیا بھر میں پھیل جانے کے بعد ڈاکٹر عثمان جنجوعہ نےجرات مندانہ قدم اٹھاتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کی ہیں۔

ڈاکٹر عثمان جنجوعہ چین میں کورونا وائرس کے خلاف اپنی خدمات پیش کرنے والے پہلے بین الاقوامی ڈاکٹر بن گئے ہیں۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین ڈاکٹر عثمان جنجوعہ کو ہیرو قرار دینے کے ساتھ ان کے اس فیصلے کو سراہ رہے ہیں۔

پاکستانی ڈاکٹر کے اس فیصلے نے پاکستانی قوم سمیت چینیوں کے دل بھی جیت لیے۔

یہ بھی دیکھئے: چین : کورونا سے مزید 57 افراد ہلاک، تعداد 361 ہوگئی

واضح رہے کہ چین میں تیزی سے پھیلتے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 361 ہو گئی ہے۔