سنیما انڈسٹری سے وابستہ افراد مشکلات کا شکار

February 07, 2020

رواں سال دوسرے ماہ کا دوسرا ہفتہ شروع ہونے کے باوجود اب کوئی نئی پاکستانی فلم سینما گھروں کی زینت نہ بن سکی، جس کے باعث سنیما انڈسٹری سے وابستہ افراد مشکلات کا شکار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سال 2020 کا آغاز فلم اور سنیما انڈسٹری کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوسکا ہے۔ رواں سال دوسرے ماہ کا دوسرا ہفتہ شروع ہونے کے باوجود تاحال کوئی نئی پاکستانی فلم سنیما گھروں کی زینت نہیں بن سکی۔

کسی نئی پاکستانی فلم کی سنیما گھروں میں نمائش نہ ہونے سے جہاں فلم بین شدید مایوسی کا شکار ہیں، وہیں سنیما انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔

شہر کےایک معروف سنیما سے منسلک عزیز نے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ پاکستانی فلمیں نہ ہونے کی وجہ سنیما کو پرانی فلمیں دوبارہ پیش کرنی پڑرہی ہیں تاہم پرانی فلموں پر شائقین کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے سنیما کو شدید مالی خسارے کا سامنا ہےاور ہر ماہ سنیما کے اخراجات پورے کرنے کے لیے جیب سے پیسے لگانے پڑرہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال کی پہلی پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ 24 جنوری کو ریلیز کی جانی تھی تاہم فلم پر مذہبی حلقوں سے اعتراض سامنے آنے کے بعد فلم کی نمائش روک دی گئی تھی۔