کورین ٹی وی شو نے غمزدہ ماں کو اُس کی مردہ بیٹی سے کیسے ملایا؟

February 11, 2020

کورین ٹی وی شو نے غمزدہ ماں کو اُس کی مردہ بیٹی سے کیسے ملایا؟

2016 میں انتقال کر جانے والی سات سالہ بچی کے غم میں مبتلا اُس کی ماں کو کورین ٹی وی شو نے ’ورچویل ریلیٹی‘ کے ذریعے اُس کی بیٹی سے ملوادیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ’میٹنگ یو‘ کے نام سے ایک کورین ٹی وی شو میں ایک غمزدہ ماں کی ملاقات اُس کی اُس بیٹی سے کروائی گئی جو 2016 میں ایک بیماری کی وجہ سے انتقال کرگئی تھی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ملاقات حقیقی نہیں بلکہ ’ورچویل ریلیٹی‘ کے ذریعے کروائی گئی۔

ورچوئل ریلیٹی ایک ایسی جدید ٹیکنالوجی ہے جس میں ہم اپنی آنکھوں پر VR HEADSET پہنتے ہیں جسے پہننے والے کو اپنے سامنے جو نظر آتا ہے وہ حقیقت میں تو نہیں ہوتا ہے لیکن اُس شخص کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ حقیقت ہے۔

کورین ٹی وی شو نے بھی ’ورچوئل ریلیٹی‘ کا استعمال کیا اور جنگ جی سنگ نامی غمزدہ ماں کو نیئون نامی اُس کی بیٹی سے ملاوایا۔ کورین ٹی وی شو نے اُس ماں کو VR ہیڈ سیٹ پہنایا اور پھر اُس کو ایک ایسے باغ میں لے جایا گیا جہاں اُس کی بیٹی جامنی رنگ کے کپڑے پہنے کھڑی تھی۔

بیٹی کو باغ میں مُسکراتے ہوئے دیکھ کر ماں نے کہا کہ ’میری بیٹی ہم نے تمہیں کتنا یاد کیا۔‘ جس پر بچی نے اپنی ماں سے پوچھا کہ ’ کیا آپ میرے بارے میں سوچتی ہیں؟‘

بچی کے اِس سوال کے جواب میں ماں نے کہا کہ ’ہاں میری بچی میں ہر وقت تمہارے بارے میں سوچتی رہتی ہوں۔‘

سات سالہ نیئون کو ایک کورین کمپنی نے بنایا تھا جسے عام زبان میں ’ڈیجیٹل بچی‘ بھی کہا جاسکتا ہے، اِس ڈیجیٹل بچی کو ہاتھ لگانے سے جنگ جی سنگ بہت گھبرا رہی تھی لیکن نیئون نے اُس کا زور سے ہاتھ تھام لیا تھا جس کے بعد ماں نے بھی اپنا ڈر ختم کرتے ہوئے اُس ڈیجیٹل نئیون کا ہاتھ پکڑ لیا تھا۔

اِس شو میں نئیون کے والد، بھائی اور بہن بھی موجود تھے، وہ بیٹھ کر یہ سارا منظر دیکھ رہے تھے اور رو بھی رہے تھے۔

اِسی شو کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب وہ بچی بھاگتی ہوئی اپنی ماں کے پاس جاتی ہے اور اپنی ماں کو پھول دیتے ہوئے کہتی ہے کہ ’ماں اب تو میں آپ کو تکلیف نہیں دے رہی، اب تو آپ ٹھیک ہیں نہ؟‘

اِس کے بعد نئیون اپنی ماں سے یہ کہہ کر سوجاتی ہے کہ وہ تھک گئی ہے اور پھر یہ جادوئی سفر ختم ہوجاتا ہے۔

جنگ جی سنگ نے اِس شو کے بعد ایک بلاگ لکھا جس میں اُس نے لکھا کہ ’مجھے اپنی بیٹی سے ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی اور مجھے اُمید ہے کہ جس نے بھی یہ شو دیکھا ہوگا اُس کو میری بیٹی سے محبت ہوگئی ہوگی۔‘

کورین ٹی وی کے اِس شو کے بعد کچھ ماہرِ نفسیات نے کہا کہ اِس سے نفسیات کے مریضوں کی ذہنی صحت بہتر ہوسکتی ہے جبکہ کچھ نے کہا کہ اِس سے نفسیات کے مریضوں کے ذہنوں پر مضر اثرات بھی ہوسکتے ہیں۔