ایم سی سی اور لاہور قلندرز کل ٹی 20 میں مدمقابل ہوں گی

February 13, 2020

ایم سی سی اور لاہور قلندرز کل ٹی 20 میں مدمقابل ہوں گی

پاکستان کے دورے پر آنے والی میریلیبون (ایم سی سی) کی ٹیم کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے ایم سی سی کے دورہ پاکستان کو تاریخی قرار دیا اور کہا ہے کہ پی ایس ایل سے قبل لاہور قلندرز کو میچ کا بہت فائدہ ہوگا۔

کمار سنگاکار کی قیادت میں ایم سی سی کی ٹیم آج صبح لاہور پہنچی جبکہ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

قلندرز کے سی او او اور منیجر ثمین رانا کا کہنا تھا کہ ایم سی سی کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، میچ کا لاہور قلندرز کو تو فائدہ ہوگا ہی لیکن اس سے پاکستان کا بھی سافٹ امیج دنیا میں جائے گا۔

ہیڈ کوچ لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لوگ زیادہ سے زیادہ اسٹیڈیم آئیں اور دنیا کو بتائیں کہ ہم کرکٹ سے پیار کرتے ہیں۔

میچ کی حکمت عملی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمیں کمبی نیشن آزمانے کا موقع ملے گا۔

کپتان لاہور قلندرز سہیل اختر نے کہا کہ یہ میچ پی ایس ایل کی تیاریوں کے لیے بھی اہم ہوگا۔

لاہور قلندرز اور ایم سی سی کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ جمعہ کی شام پانچ بجے شروع ہو گا، جس کے لیے لاہور قلندرز نے مفت ٹکٹس تقسیم کی ہیں۔