ولی عہد کی اسرائیلی وزیر اعظم سے ملاقات طے نہیں،سعودی وضاحت

February 14, 2020

جدہ(شاہدنعیم)سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے کوئی ملاقات طے نہیں ہے اور سعودی مملکت کی اسرائیل کے بارے میں پالیسی بہت واضح ہے ۔ اسرائیلی میڈیا میں ان دنوں ایسی رپورٹس شائع اور نشر ہورہی ہیں جن میں یہ کہا جارہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ امن منصوبہ کے اعلان کے بعد سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔نیتن یاہو کی 3 فروری کو سوڈان کی عبوری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات کے بعد سے ایسی قیاس آرائیوں میں خاص طور پر شدت آئی ہے۔