کلڈر ڈیل کونسل میں طوفان ڈینس سے نمٹنے کی تیاریاں

February 15, 2020

لندن (پ ر) کلڈرڈیل کونسل طوفان ڈینس سے نمٹنے کی تیاریاں کر رہی ہے، توقع ہے کہ یہ طوفان ہفتے اور اتوار کو برطانیہ کو ہٹ کرے گا۔ کونسل ابھی کیارا طوفان سے ہونے والی تباہی کی صفائی میں مصروف ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ ویک اینڈ پر کلڈرڈیل کونسل میں خاصا نقصان ہوا تھا۔ تمام ہفتے کمیونٹی حب کھلے ہیں اور ویک اینڈ اور ضرورت کے مطابق اگلے ہفتے بھی کھلے رہیں گے۔ طوفان ڈینس کے اس ویک اینڈ پر کلڈرڈیل کو ہٹ کرنے کا امکان ہے۔ میٹ حکام نے بارو کیلئے امبر ویدروارننگ جاری کی ہے۔ زمین کی سطح گیلی ہے۔ دریائوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ کونسل کی انوائرمنٹ ایجنسی ایمرجنسی سروسز اور دیگر آرگنائزیشنز طوفان کے آنے سے قبل ہی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس حوالے سے اقدامات اور اضافی وسائل جمع کئے جارہے ہیں۔ ایمرجنسی ورکرز کی ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ تین گلی سوئیپنگ یونٹس دن بھر پٹرولنگ کر رہے ہیں۔ دو ویکیوم یونٹس اضافی پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور ضرورتوں کے مطابق ترجیحات کا تعین کیا جا رہا ہے۔ کونسل لیڈر ٹم سوئفٹ نے کہاکہ بارو ابھی کیارا طوفان کی تباہی سے نمٹنے کے مرحلے میں ہے لیکن اسی دوران ڈینس طوفان کے بارے میں انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ہفتے کونسل سٹاف، پارٹنرز، والنٹیرز ،کمیونٹی گروپس ریکوری کے کام میں معاون کیلئے بلا تھکان کام کرتے رہے۔ میں ایک بار پھر ان کا ان شاندار امدادی کوششوں پر شکر گزار ہوں۔ ہم میٹ آفس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرات کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے گھروں اور بزنسز کیلئے ضروری ہے کہ وہ کم سے کم نقصانات کیلئے تیاری کریں اور پہلے سے ہی حفاظتی قدامات کریں۔ آئندہ دنوں میں سیلاب کے حوالے سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ اگر کوئی درخت اکھڑ کر گر جائے یا سڑک پر کوئی اور رکاوٹ ہو تو اس کی اطلاع ایمرجنسی سروسز کو فوری دی جائے۔ انوائرمنٹ ایجنسی کو انسیڈنٹ ہاٹ لائن نمبر 0800807060 پر اطلاع دی جائے۔ فلڈ رسک کا مسلسل جائرہ لیا جائے اور رسپانس کیلئے تیار رہا جائے۔ اہم چیزوں کے بیگ تیار کر کے رکھے جائیں۔