پی ایس ایل: غیرملکی کرکٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری

February 15, 2020

پی ایس ایل: غیرملکی کرکٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت کیلئے نامور غیر ملکی کرکٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایلکس ہیلز، شین واٹسن ، لیوک رونکی ، کیمرون ڈیلپورٹ،تائمل ملز اور بین کٹنگ پاکستان پہنچ گئے ۔

پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن بیس فروری سے کراچی میں شروع ہوگا۔ دنیائے کرکٹ کے آسمان پر جگمگانے والے ستارے اس لیگ کے دوران پاکستانی میدانوں کو روشن کرنے پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن ہفتے کی شام کراچی پہنچے، کراچی پہنچنے پر کوئٹہ کی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیے: ’’غیر مُلکی کرکٹرز پاکستانی شائقین کی محبت کے اسیر ہیں‘‘

اس موقع پر شین واٹسن کو روایتی بلوچی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ اس سے قبل کوئٹہ کے فواد احمد، بین کٹنگ اور تائمل ملز بھی کراچی پہنچے۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کے لیوک رونکی بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی کرکٹر ڈین ویلاس نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا۔

کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، مچل مک کلینگن، کیمرون ڈیلپورٹ اور اسسٹنٹ کوچ جوہان بوئیٹا بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل فائیو: کراچی سجنے لگا

پشاور زلمی کے لیام پلنکٹ اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو نے بھی اپنی ٹیم جوائن کرلی ہے۔

20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والےٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 5 میں اردو کمنٹری بھی ہوگی

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔

34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔