پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ہیڈ آف پلیئرز ایکیوزیشن اینڈ مینجمنٹ عمران احمد خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے غیر ملکی کرکٹرز سب سے زیادہ متاثر پاکستانی عوام کی محبت سے ہوتے ہیں، اس بار کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر راضی کرنا زیادہ مشکل نہ تھا۔
کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں عمران احمد خان نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں چاہتے تھے وہ پاکستان پہنچنا شروع ہوچکے ہیں جو بڑی خوشی کی بات ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے ملک کا تاثر بدلنے میں کافی مدد ملی ہے۔
عمران احمد نے بتایا کہ پچھلے پی ایس ایل کے دوران ہی پلیئرز سے بات چیت جاری تھی کہ اگلا ایڈیشن پاکستان میں کروانا ہے، اسی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر راضی کرنا مشکل نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں فینز جو پیار دیتے ہیں اس سے غیر ملکی کھلاڑی کافی متاثر ہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں شرکت کے لیے مختلف فرنچائزز کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کئی ٹیموں کے ٹاپ پلیئرز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
20 فروری سے 22 مارچ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے تمام 34 میچز ملک بھر کے 4 مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 2020 کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرز اور فائنل کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کے سپرد کی گئی ہے۔
34 میچوں پر مشتمل ایونٹ کے 14 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور، 9 نیشنل اسٹیڈیم کراچی، 8 پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور 3 ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔