کبڈی کا عالمی میلہ، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو پچھاڑ دیا

February 17, 2020

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو پچھاڑ دیا

اسلام آباد (صباح نیوز‘جنگ نیوز)پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ2020 کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

لاہور میں اتوارکو پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلےگئے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اور پاکستان کے پہلوانوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور شائقین بھرپور محظوظ ہوئے‘پاکستان کے کھلاڑیوں نے اپنے مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دی۔

کبڈی ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت سے باہر پاکستان میں کھیلا گیا اور پہلی مرتبہ بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا اور پاکستان نے بالآخرپانچ مرتبہ فائنل میں رسائی کے بعد چمپئن کا تاج پہن لیا۔

تفصیلات کے مطابق کبڈی کے عالمی میلے میں پاکستان نے روایتی حریف انڈیا کو پچھاڑدیا۔روایتی حریفوں کے درمیان فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا اور دونوں ہاف میں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرتی رہیں۔

اس دوران بھارتی ٹیم اورانتظامیہ کی جانب سے امپائرز کے فیصلوں پرجان بوجھ کر احتجاج بھی کیا گیا جو کارگر ثابت نہ ہوا۔پاکستان کو پوائنٹس ملنے پر بھارتی کھلاڑیوں نے احتجاج شروع کیا اور بھارتی ٹیم کے آفیشل میدان میں آگئے تھے۔