گلیڈی ایٹرز کا ٹائٹل برقرار رکھنے کیلئے جان لڑانے کا عزم

February 18, 2020

گلیڈی ایٹرز کا ٹائٹل برقرار رکھنے کیلئے جان لڑانے کا عزم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کپتان سرفراز احمد اور کھلاڑیوں نے ٹائٹل کے دفاع کیلئے جان لڑانے کا عزم ظاہر کردیا۔ کپتان کا کہنا ہے پوری کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ فائیو میں اعزاز کا کامیابی سے دفاع کریں۔ کوچ معین خان کہتے ہیں کہ ٹیم میں بہترین کھلاڑی شامل اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی اہلیت منوا چکے ہیں۔ ابھرتے ہوئے ریکارڈ ہولڈر فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ پچھلے سالانجری کے باعث کھیل نہیں سکا تھا۔ اس بار موقع ملا تھا اچھا پرفارمکرنے کی کوشش کروں گا۔ آسٹریلوی بیٹسمین شین واٹسن کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال جب یہاں آیا تو وہ کیریئر کے خوبصورت لمحات میں سے ایک تھا۔ ایک بار پھر پاکستانی کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کیلئے پرجوش ہوں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اردہ نہیں ۔ کوئٹہ کے آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ کا کہنا ہے کہ میری ابھی ورلڈکپ پر نظر نہیں، فی الحال پی ایس ایل کھیلنا ہے، جبکہ پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر فواد خان کا کہنا ہے کہ اس وقت سب سے اہم پی ایس ایل جیتنا ہے۔ خرم منظور کہتے ہیں کہ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ احمد شہزاد نے کہا ہے کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، توجہ ابھی پی ایس ایل پر ہے ۔دریںاثناپاکستان سپر لیگ کے پریکٹس میچ میں پشاور زلمی نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 71 رنز سے ہرادیا۔ پشاور زلمی نے ایک وکٹ پر 264 رنز بنائے۔ کامران اکمل اور امام الحق نے 62،62 رنز بنائے۔ نوجوان حیدر علی صرف انیس گیندوں پر سات چھکوں کی مدد سے 60 جبکہ لیام ڈاسن نے 35 اور کارلوس بریتھ ویٹ نے 29 رنز بنائے۔ کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی اور لیام ڈاسن ریٹائرڈ آئوٹ ہوئے۔ پریکٹس کی غرض سے تمام بیٹسمینوں کا موقع دیا گیا۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8 وکٹوں پر 193رنز بناسکی۔ بین کٹنگ 53رنز بناکر نمایاں رہے۔ لیام ڈاسن اور محمد محسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور میچ اسلام آباد یونائیٹڈنے کراچی کنگز کو29 رنز سے شکست دے دی۔ پیر کو یوبی ایل کمپلکس میں اسلام آباد نے سات وکٹ پر180رنز بنائے ،ناکام ٹیم سات وکٹ پر151 رنز بناسکی۔ لیوک رونکی نے43،کولن انگرم نے 42 ناٹ آئوٹ اور آصف علی نے40 رنز بنائے۔ کراچی کے کیمرون ڈیل پورٹ نے33، بابر اعظم نے 24، شرجیل خان نے ایک،والٹن نے26 اور عمید آصف نے 22 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ شاداب خان نے23رنز دے کر تین جبکہ عاکف جاوید نے دو وکٹ حاصل کئے۔ کراچی کے ڈائریکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ آن پیپر ٹیم اچھی لگ رہی ہے دیکھنا ہے گرائونڈ میں کیسا پرفارم کرتی ہے۔ حیرت نے عمر خان کی اچھی کارکردگی کے باوجود انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں نظر انداز کیا گیا۔