پیٹرول کی قلت کی افواہیں، عوام بے چین، پمپس پر رش

February 20, 2020

پیٹرول کی قلت کی افواہیں، عوام بے چین، پمپس پر رش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس او کی جانب سےکیماڑی ٹرمنل کو بند رکھنے کا اعلان سامنے آنے سے شہر میں پیٹرول کی قلت کی افواہیں پھیل گئیں جس کے بعد عوام نے اپنی گاڑیوں میں اضافی پیٹرول بھروانا شروع کر دیا اور پٹرول پمپ پر اچانک عوام کا رش بڑھ گیا ،اچانک ڈیمانڈ بڑھنے سے کئی پٹرول پمپس پر پیٹرول ختم ہونے سے عوام میں بے چینی بڑھ گئی سوشل میڈیا پر بھی پیٹرول جمع کرنے کے میسج چلنا شروع ہو گئے جس سے شہر میں پٹرول کی قلت پیدا ہو گئی ،شہریوں کی جانب سے پیٹرول بلیک میں 160اور 200 روپے میں دستیاب ہونے کے پیغام چلنے لگے ، دریں اثنا پی ایس او ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے بروز بدھ ، کیماڑی ٹرمنل کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی شہر اور مضافات میں پی ایس او کا سب سے بڑا ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل سپلائی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ کیماڑی ٹرمینل عارضی طور پر بند ہونے کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں پی ایس او کے کسی بھی فیول اسٹیشن پر ستیابی متاثر نہیں ہوگی۔ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افواہوں سے ڈیمانڈ بڑھی ہے پیٹرول موجود ہے سپلائی آرہی ہے لیکن کیماڑی ٹرمینل بند ہوجانے سے عوام میں افواہیں پھیلیں ہیں ،صبح جمعرات 20فروری کو ٹرمینل کھل جائیں گے عوام پریشان نہ ہوں ۔