تربت: چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ اور فائرنگ، 5 اہلکار شہید

February 20, 2020

کوئٹہ(نمائندہ جنگ) تربت میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا راکٹ حملہ اور فائرنگ سے پانچ اہلکار شہید اور تین زخمی ہو گئے۔ جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے، فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا، علاقے میں گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق تربت علاقے بلنگور سے تقریبا 30 کلومیٹر دور گٹی کور میں سیکورٹی فورسز کی 125 ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر سیکورٹی اہلکار مغرب کی نماز ادا کر رہے تھے کہ اسی دوران قریب پہاڑوں سے دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کرتے ہوئے راکٹ مارا جس کے نتیجے میں پانچ سیکورٹی اہلکار نائیک سرور خان، لانس نائیک الیاس خان، لانس نائیک نقیب اللہ، لانس نائیک عبداللہ اور سپاہی ضیا الرحمان موقع پر ہی شہید جبکہ تین سپاہی روزی خان، سپاہی حامد علی اور سپاہی احسان زخمی ہو گئے ۔ فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا، سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سےتین دہشت گرد بھی مارے گئے، جن کی لاشیں دہشت گرد اپنے ساتھ لے گئے۔