بھرپورناشتہ موٹاپے سے بچاؤ کیلئے مفید

February 22, 2020

لندن ( جنگ نیوز) توند اور موٹاپے کو ہمیشہ زندگی سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو بھرپور ناشتہ کریں اور رات کو کم کھانا اپنی عادت بنالیں۔ یہ انکشاف جرمنی میں ہونے والی ایک تازہ طبی تحقیق میں ہوا ۔لیوبیک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہمارا جسم صبح کے وقت غذا کو زیادہ بہتر طریقے سے ہضم کرسکتا ہے چاہے کیلوریز کی مقدار کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو ۔ محققین نے دن کے مختلف اوقات میں کھانا کھانے کے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور پتہ لگایا کہ جسم کس طرح غذا کو پراسیس کرتا ہے ۔ رات کو ہمارے جسم میں غذا سے توانائی کیلئے پراسیس کرنے کے عمل کی شرح سب سے کم ہوتی ہے جس کے نتیجے میں موٹاپے کا امکان بڑھتا ہے۔ تحقیق کے دوران 16 مردوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور محققین نے دریافت کیا کہ یہ غذا کو ہضم کرنے کا عمل صبح کے وقت ڈھائی گنا زیادہ تیز ہوتا ہے چاہے کیلوریز کی مقدار کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہو ۔ انہوں نے یہ بھی پتہ لگایا کہ صبح کے وقت ناشتہ کرنے سے بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح میں اضافہ بھی رات کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہلکا یا کم کیلوریز والا ناشتہ کرنے پر بھوک کا احساس زیادہ جبکہ میٹھا کھانے کی خواہش بھی بڑھ جاتی ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ موٹاپے اور بلڈ شوگر لیول کو بڑھنے سے روکنے کیلئے ضروری ہے کہ رات کے کھانے کے مقابلے میں ناشتہ زیادہ مقدار میں کیا جائے۔ تحقیق میں شامل افراد کی اوسط عمر 23 سال تھی اور ان کا جسمانی وزن معمول کا تھا ۔ انہیں 3 دن تک لیبارٹری میں رکھا گیا ۔ پھر 2 ہفتے کیلئے الگ کردیا گیا اور انہیں جس جگہ رکھا گیا وہاں انہیں تیار شدہ ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانے فراہم کیے گئے۔ محققین نے دریافت کیا کہ کھانے کے اوقات انسانوں میں توانائی کے حصول اور میٹابولک ردعمل کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں۔