لاہور والوں کو خوش کرنے کیلئے اچھا کھیلنا ہوگا،محمد حفیظ

February 23, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کہتے ہیںکہ ماننا پڑے گا کہ ہم برا ہارے ہیں۔ ہار ہار ہے۔ لیگ میں ہر کسی کو خود کو منوانا ہے ۔ قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کا میچ کھیلی جس کے لیے لاہور کے شائقین بھی اپنی ٹیم کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم آئے لیکن قلندرز اپنے مداحوں کو خوشی دینے میں ناکام ہوگئے اور پہلے ہی میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم موقع کی مناسبت سے نہیں کھیلے۔ ہمیں پازیٹو اور متحد رہنا ہے، پہلا میچ تھا ابھی بڑا لمبا سفر ہے، آئندہ کے میچز میں حکمت عملی اور ذمہ داری سے کھیلنا ہے۔ لاہور کا شکریہ جو ہمیشہ بہت سپورٹ کرتے ہیں ۔ انہیں خوشیاں دینے کے لیے ہمیں اچھا کھیلنا ہوگا۔