ملتان:پی ایس ایل‘5ہزار سے زائدسکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے

February 23, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب طویل عرصے کے بعد کرکٹ کے میگا ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دوران پولیس سمیت مختلف سکیورٹی فورسز کے 5 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی سرانجام دینگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آر پی او آفس میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک،سی پی او زبیر احمد دریشک سمیت سیکورٹی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔وسیم احمد خان نے کہا کہ پولیس،انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مشترکہ حکمت عملی سے ایونٹ کامیاب بنائیں گے۔کمشنر شان الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔شائقین کرکٹ کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے پرامن ماحول فراہم کرینگے۔اس موقع پر سی پی او نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیموں اور عوام کی حفاظت کیلئے ضلعی پولیس مکمل چوکس ہے۔