شام کے مسئلے پر ترک صدر، مرکل، میکرون اور پوٹن سے ملیں گے

February 24, 2020

انقرہ (این این آئی)ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ وہ شامی علاقے ادلب کی صورت حال پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن، فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق ترک علاقے ازمیر میں اپنے حامیوں سے خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ انہوں نے روسی صدر سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں ادلب کے حوالے سے ترک عزم کا واضح اظہار کر دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر انہوں نے چانسلر مرکل اور صدر امانوئل ماکروں سے بھی بات کی ہے۔ واضح رہے کہ شامی صوبے ادلب میں شامی فورسز روسی فضائی مدد کے ساتھ باغیوں کے خلاف بڑی عسکری کارروائی میں مصروف ہیں اور اس صورت حال میں وہاں قریب ایک ملین افراد کو گھر بار چھوڑنا پڑا ۔