تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے، ناصر حسین شاہ

February 24, 2020

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے وزیر برائے اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ لوگ پی ٹی آئی سے تنگ آ چکے ہیں اور جلد نااہل حکومت سے چھٹکارا حاصل کر نا چاہتے ہیں، پاکستان میں ہمیشہ سے آباد تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو نہ صر ف ہر قسم کی مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے بلکہ ان کے حقوق کا مکمل تحفظ بھی کیا جاتا ہے، یہی قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ تھی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز سوامی نارائن مندر میں جاری چار روزہ میلے میں شرکت کے دوران اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ، ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جس نے ہمیشہ اقلیتوں کو سب سے زیادہ نمائندگی دی، ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے ہندو برادری کے لئے ہندوئوں کی مقدس کتاب بھگوت گیتا کی دس ہزار کاپیاں دینے کا بھی اعلان کیا، سوامی نارائن مندر پہنچنے پر ہندو برادری کے اراکین نے سید ناصر حسین شاہ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اجرک اور پھولوں کا تحفہ پیش کیا، آ سٹریلیا سے آئے ہوئے پنڈت شیام نند اور رام یوگا داس نے صوبائی وزیر اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد سے ملاقات کی اور انہیں مندر کا دورہ کروایا۔