طلبہ کا داخلہ کے وقت منشیات کا ٹیسٹ لیا جائے‘ قائمہ کمیٹی کی سفارش

February 25, 2020

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات نے سفارش کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی جائے طلبہ کا داخلہ کے وقت منشیات کا ٹیسٹ لیا جائے۔منشیات سے متعلق ملک بھر میں صرف 2 عدالتیں اور اے این ایف کے 33تھانے ہیں، اینٹی ناکورٹکس حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت منشیات کے 7ہزار سے زائد کیس عدالتوں میں زیر سماعت ہیں‘ منشیات سے متعلق ملک بھر میں صرف 2عدالتیں اور اے این ایف کے ملک میں 33تھانے ہیں۔ وزارت انسداد منشیات نے حکومت سے مالی سال 2020-21کیلئے 11.085ملین روپے مانگ لئے۔ پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسداد منشیات کا اجلاس چیئرمین صلاح الدین ایوبی کی صدارت میں وزارت کے کمیٹی روم میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت شہریار آفریدی‘ سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول اے ڈی خواجہ کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی ارکان کی طرف سے اجلاس میں قومی زبان کو اہمیت دینے کی سفارش کرتے ہوئے اجلاس میں دی جانے والی بریفنگز کا اردو ترجمہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی ارکان نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے کمیٹی اجلاس کی کارروائی کے اردو متن کا مطالبہ کیا تھا جس پر آج تک عمل نہ ہوسکا۔ وفاقی سیکرٹری نارکوٹکس کنٹرول اے ڈی خواجہ نے کہاکہ ابھی آدھا گھنٹہ قبل ہی بطور سیکرٹری چارج لیا ہے۔ اجلاس میں چاغی میں برآمد ہونے والی منشیات کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔