طلباء و طالبات کی گرفتاری قابل مذمت عمل ہے، بلوچستان بار کونسل

February 25, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان بار کونسل نے بولان میڈیکل کالج بحالی تحریک کے رہنماؤں اور طالبات کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے نااہل حکومت بلوچستان کے قبائلی روایات کو پامال کرکے بی ایم سی کے طالبات کو گرفتار کیا اور بولان میڈیکل کالج کے دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرنا حکومت کی بے حسی ہے اور ایک نااہل وائس چانسلر کی وجہ سے بولان میڈیکل کالج مسائل سے دو چار ہے بار کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر بلوچستان کی جانب سے اس اہم مسئلے پر خاموشی قابل مذمت ہے بیان میں کہا کہ احتجاج کرنا ہر ایک جمہوری اور آئینی حق ہے اور پرامن احتجاج سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کرلیا ہے بیان میں کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد یونیورسٹی کے تمام معاملات صوبائی حکومت کے ذمے ہوتے ہیں جس طرح سندھ کے اندر سندھ یونیورسٹی ایکٹ کے ذریعے تمام معاملات وزیر اعلی دیکھتا ہے لیکن ایک سازش کے ذریعے کچھ قوتیں اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں بیان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر گرفتار خواتین اور دیگر رہنماؤں کو رہا کرکے ان کے تمام جائز مطالبات منظور کئے جائیں۔