وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے

February 25, 2020

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم، اہم فیصلے کرلیے گئے

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے صدرِ مملکت کو ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں پارلیمنٹیرینز کی شمولیت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

آڈٹ آور سائٹ بورڈ کے ممبران کے استعفیٰ اور نئے ممبران کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے اسلام آباد، کراچی اور ملتان میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دے دی۔

دیگر منظوریوں میں پاکستان کمشنر فار انڈس واٹر کی تقرری، دیامر بھاشا ڈیم کے لیے واپڈا سیکیورٹی فورس کو ممنوعہ بور ہتھیار کی اجازت، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کے رولز میں ترمیم شامل ہے۔

وفاقی کابینہ میں گھریلو صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف دینے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔

ان تجاویز میں 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مزید ریلیف دینے کی تجویز شامل ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے بھی تجاویز وفاقی کابینہ میں پیش کی گئیں۔