مودی اسلحے کے انبار خرید کر بھی عمران خان کے سامنے بے بس ہے، فردوس عاشق اعوان

February 26, 2020


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مودی اسلحے کے انبار خرید کر بھی عمران خان کی کامیاب سفارتکاری کےسامنے بے بس ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سےشکست کھاچکا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا تاثر پر امن، معاشرے کے طور پر ابھر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دہشتگردی سےجوڑنےکی بھارتی کوشش پرکاری ضرب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ’ہندتوستان‘ میں تبدیل ہوچکا ہے، ٹرمپ کی موجودگی میں مسلمانوں کاقتل عام بھارت کی فسطائی سوچ کا عکاس ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کشمیریوں پر جاری مظالم سے متعلق کہا ہے کہ کشمیریوں پرظلم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، ٹرمپ کا یہ بیان ثبوت ہے کہ کشمیر مسلمہ عالمی تنازع ہے، خون ناحق پر پوری دنیا کا آواز بلند کرنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی کہ عالمی برادری قراردادوں، کشمیری عوام کی امنگوں کےمطابق قانونی حق دلوائے۔