راولپنڈی پی ایس ایل5، تیاریاں مکمل، ٹریفک پلان جاری

February 27, 2020

پاکستان سپر لیگ فائیو کے سلسلے میں راولپنڈی میں آج نواں میچ کھیلا جائے گا جس کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں جبکہ ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے مطابق پی ایس ایل 5 کےمیچز کے لیے ضلعی انتظامیہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف میں پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم جانے کے لیے نوازشریف پارک میں انٹری پوائنٹ بنایا گیا ہے جبکہ موٹرسائیکل کی پارکنگ یورالوجی سنٹر شمس آباد میں ہوگی۔

پی ایس ایل 5: آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹاکرا ہوگا

جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق کار پارکنگ شکرپڑیاں کے پاس کی جائے گی اور شائقین کواسٹیڈیم پہنچانے کے لیے 80 شٹل بسیں موجود ہیں، اسٹیڈیم روڈ کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم مین روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ اس دوران مری روڈ ٹریفک کے لیے کھلا رہے گا۔

راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 17 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔