کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی سپر یم کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا

February 27, 2020

کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی اور تجاوزات کے خاتمے سے متعلق سپریم کورٹ نے تحریری حکم جاری کردیا۔

عدالت نے سرکلر ریلوے چھ ماہ میں بحال کرنے کا حکم دے دیا، تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ عدم بحالی پرریلوے حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، عدالتی حکم پر عمل نہ کرکے ریلوے حکام خود کو خطرناک صورتحال میں ڈال رہےہیں۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ کراچی والوں کے پاس ایک سے دوسری جگہ جانے کے لیےکوئی مناسب بندوبست نہیں، سہولیات کی کمی سے فیملی کے ساتھ موٹرسائیکل جیسی خطرناک سواری استعمال ہورہی ہے۔

تحریری حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ اس وقت جو ٹرانسپورٹ ہے وہ شہریوں سے غیر انسانی سلوک کے برابر ہے، ایسی ٹرانسپورٹ شہریوں کے لیے توہین آمیز ہے، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں اور وفاق سمیت کوئی مسائل حل کرنے کو تیار نہیں ہے، ایسی تباہ کن صورتحال کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے سکتے، اس صورتحال میں عدالت آئینی راستہ اختیار کرے گی۔