چینی عوام کرونا وائرس کاحوصلے سے سامنا کر رہے ہیں ‘ چونگ ہی چنگ

February 28, 2020

پشاور(خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد میں متعین چین کے کلچرل قونصلر چونگ ہی چنگ نے پشاور میں قائم چائنا ونڈو کا دورہ کیا اور چینی زبان سیکھنے کا کورس مکمل کرنیوالے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات قائم ہیں ، چینی عوام آج کل کرونا وائرس کی وجہ سے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں تاہم وہ حالات کا ہمت اور حوصلے سے سامنا کر رہے ہیں ، وائرس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے اس میں مبتلا افراد کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے،چین کرونا وائرس پر جلد قابو پا کر ایک بھرپور قوت بن کر ابھرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے علاوہ پاکستانی عوام نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے، سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتتصادی ترقی کے لئے اہم ترین منصوبہ ہے ۔ انہوں نے چائنا ونڈو میں چینی زبان سکھانے کی مفت کلاسوں کو خوش آئند قرار دیا ۔اور کہا کہ اس سے عام لوگوں کو سی پیک کے تحت لگنے والے کارخانوں میں ملازمتوں کے حصول میں ترجیح حاصل ہو گی،انہوں نے اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ کو سکالر شپ پر چین بھیجا جائےاور کہا کہ پشاور یونیورسٹی میں زیر تعلیم افغان طلبہ سمیت ضم اضلاع کے طلباء و طالبات کے لئے ایک سو سکالرشپ دئیے جائیں گے۔