فیس بک کی عالمی ادارہ صحت کو مفت اشتہارات کی پیشکش

March 04, 2020

فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے عالمی ادارہ صحت کو مفت اشتہارات کی پیش کش کردی۔

مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک مر ض کورونا وائرس سے متعلق غلط خبریں روکنے کے لیے اقدام کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق فیس بک ڈبلیو ایچ او کو ان کی ضرورت کےمطابق مفت اشتہارات کا موقع دے رہا ہے۔

مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ پیشکش کا مقصد کورونا وائرس سے متعلق درست معلومات کی ترسیل ہے۔

واضح رہے کہ چین سے شروع ہونے والے کورونا وائرس سے دنیا کے 80 ممالک متاثر ہوچکے ہیں، دنیا بھر میں وائرس 3ہزار 206افراد کی موت کا باعث بن چکا ہے جبکہ 92 ہزار 883 افراد بیمار ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا سے مزید 38 افراد ہلاک ہوگئے ہیں البتہ یہاں نئے کیسز میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ دوسری جانب امریکا میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 9 ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اٹلی 79 اور ایران میں 77 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں لگ بھگ 47 ہزار 900 افراد صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔