کورونا سے بچاؤ کی اشیاء پر ٹیکسز ختم ہونے کا امکان

March 19, 2020

کورونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، یہ ہلاکت خیز وائرس پاکستان میں بھی آہستہ آہستہ اپنے پنجے گاڑھ رہا ہے اور یہاں اس وائرس سے 2 ہلاکتیں بھی سامنے آ چکی ہیں۔

حکومت کی جانب سے کورنا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث پریشان عوام کو ریلیف دینے کے لیے منصوبہ بندی اور کوششیں جاری ہیں۔

کورونا وائرس سے بچنے اور روکنے والی تمام اشیاء کی درآمد پر ٹیکسز ختم کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارتِ صحت، تجارت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کورونا وائرس سے بچاؤ اور کنٹرول کرنے والی اشیاء کی فہرست تیارکر رہے ہیں۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق فہرست مرتب ہوتے ہی کورونا وائرس سے بچنے اور روکنے والی تمام اشیاء کی درآمد پر تمام ٹیکسز ختم کر دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 22 مریضوں کے سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں کل مریضوں کی تعداد 329 ہو چکی ہے۔

کورونا کے سندھ کے اسپتالوں میں 211، پنجاب میں 33، خیبر پختون خوا میں 19، بلوچستان میں 45، گلگت بلتستان میں 13، آزاد کشمیر میں ایک اور اسلام آباد میں7 مریض زیرِ علاج ہیں۔

اس وائرس کے باعث خیبر پختون خوا میں 2 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔