کورونا 14دن میں ختم‘80فیصدلوگ ٹھیک ہوجاتے ہیں

March 23, 2020

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) معروف ماہر متعدی امراض ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے کہا ہے کہ بارہ سے چودہ دن تک کوروناوائرس ختم ہو جاتا ہے اور مریض روبہ صحت ہو جاتا ہے۔

اس وائرس سے 80فیصد لوگ ٹھیک ہو جاتے ہیں ‘نزلہ ‘ زکام ‘بخاراورکھانسی کی صورت میں مریض کو خود اپنے آپ کو الگ کرلینا چاہئے ‘ان کا کہناتھاکہ کرونا وائرس ایک وائرل بیماری ہے جس سے نظام تنفس کا انفیکشن ہوتا ہے ۔

اس بیماری کی علامات میں بخار ، ناک کا بہنا، چھینکیں، جسم کا درد،گلے کی خراش ،خشک کھانسی اور سانس میں دشواری شامل ہیں ۔

اگر انفیکشن کی علامات کا مناسب علاج نہ کیا جائے تو اس سے نظام تنفس کے نچلے حصے کے انفیکشن کے ساتھ ساتھ نرخرے کی سوزش، سانس کی نالیوں کی سوزش ، پھیپھڑوں کا انفیکشن اور آخرکار نمونیہ ہو سکتا ہے جو مریض کے لئے مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی علامات تین سے چار دن میں سامنے آتی ہیں اور ایک ہفتہ تک بخا ر رہتا ہے جبکہ بارہ سے چودہ دن تک وائرس ختم ہو جاتا ہے اور مریض روبہ صحت ہو جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس سے 80فیصد لوگ ٹھیک ہو جاتے ہیں ۔