لاک ڈائون، اشیاء خوردونوش کی قلت، قیمتوں میں اضافہ، دودھ کی بھی قلت

March 24, 2020

کراچی (رپورٹ /رفیق بشیر)سندھ میں لاک ڈاؤن کی اطلاع پر اتوارکی شب 12 بجے سے پہلے لوگوں نے افراتفری میں بڑے پیمانے پر خریداری کی جس سےاشیا خوردونوش کی نہ صرف قلت پیدا ہوگئی بلکہ قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوا۔اس دوران بعض ذمہ دار افسران نے بازاروں کا دورہ کرکےقیمتیں چیک کیں اور ذخیرہ اندوزی کرنے پر ایک سپر اسٹورکے مینیجر سمیت درجنوں تاجروں کو گرفتار بھی کیا۔لاک ڈاون کےباعث سبزی و فروٹ منڈی میں اتوار اور پیر کی رات کو کاروبار نہ ہوسکا‘تاجروں کی بڑی تعداد خوف کے باعث منڈی نہ جاسکی جس کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں لاک ڈاؤن کے باعث بھینس منڈی سے بھی دودھ کی سپلائی جزوی طور پر معطل رہی اور دودھ سپلائی نہ ہوسکا ۔جنگ کے سروے کے مطابق چینی فی کلو 90 روپے ‘ آٹا فی کلو 65 ہوگیا۔ آلو 80 سے سو روپے کلو۔پیاز 70 سے 80 روپے کلو ‘کیلا 80روپے درجن اورکینو ڈیڑھ سو روپے درجن میں فروخت ہوا ۔تاجروں نے منافع خوری کرتے ہوئے سگریٹ کے پیکٹ پر 20 روپے کا ازخود اضافہ کردیا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت ایسے وقت میں طلب اور کھپت کے میکنزم کو مضبوط بنائے۔اشیا کی فراہمی کے لئے حکومت تھوک تاجروں کو پابند کرے۔