سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا قرنطینہ میں چلے گئے

March 24, 2020


سابق سری لنکن کپتان و صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا نے انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد کولمبو میں تنہائی اختیار کر لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں سنگاکارا نے بتایا کہ لندن سے واپسی پر انہوں نے کولمبو میں از خود تنہائی اختیار کر لی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وطن واپسی پر خود کو پولیس اسٹیشن میں رجسٹرڈ کروایا اور حکومتی ہدایت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے 14 روزہ قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم سی سی کے صدر اور سابق کپتان سنگاکارا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مہلک وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ سری لنکا میں 80 لوگوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔