کورونا وائرس، بھارت میں پھنسے پاکستانی وطن لوٹ آئے

March 24, 2020

کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی صورتحال میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی بھارت میں ہی پھنس گئی تھی جسے دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداران کی مداخلت کے بعد وطن واپس آنے کی اجازت مل گئی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرجری کی غرض سے بھارت گئی اس فیملی کو لاک ڈاؤن کے بعد جمعرات کے روز پاک بھارت بارڈر کی بندش کے باعث اسے استعمال کرنےکی اجازت نہیں تھی، جس کی وجہ سے انہیں وہیں ٹھہرنا پڑا ۔

امرتسر میں مقیم بھارتی صحافی رویندر سنگھ روبن نے اس فیملی کو اپنے گھر میں پناہ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی صحافی رویندر سنگھ روبن نے بتایا کہ پاکستانی فیملی کی یہاں موجودگی پر پاکستانی وزیر داخلہ اور بھارتی وزیر خارجہ نے لاک ڈاؤن کی صورت میں بھی اس فیملی کو پاکستان جانے کی اجازت دی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداران نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور فوراً جواب ارسال کیا۔

روبن کی جانب سے شئیر کئے گئے ویڈیو پیغام میں سرجری کی غرض سے گئے 12 سالہ بچے نے دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان سے گئی اس فیملی نے واپسی پر بھارت میں دیئے گئے پیار اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔