چہرے پر چھائی رنگوں کی پُھوار

March 25, 2020

وقت کے کر وٹ لیتے ہی سب چیزوں میں تبدیلی رونما ہوجاتی ہے چاہیے وہ ملبوسات کا فیشن ہو یامیک اپ کا یا پھر چپلوں اور جوتوں کا ۔غرض یہ کہ سب چیزوں میں جدت کا نیا رنگ آجاتا ہے ۔ خواتین فیشن کی مناسبت سے پہلے بھی میک اپ کیا کرتی تھیں یعنی اُس وقت جو میک اپ مشہور ِزمانہ ہوتا تھا وہی آزمایا جاتا تھا اور اب بھی ایسا ہی ہوتا ہے ،مگر آج کل کے میک اپ ٹرینڈز پہلے کے مقابلے میں بہت مختلف ہیں ۔ذیل میں آپ کو جدید میک اپ ٹرینڈز کے بارے میں بتا رہے ہیں ،انہیں آزمائیں اور لگائیں اپنے حُسن کو چار چاند۔

کونٹورنگ

کونٹورنگ کرنے سے چہرے کے بدنما خدوخال باآسانی چھپ جاتے ہیں اور ویسے میک اپ کرنے کا مقصد بھی یہی ہوتا ہے کہ آپ اپنے چہرے کےداغ دھبے چھپا ئیں لیکن چوں کہ وقت کے ساتھ میک اپ کے رنگ بھی تبدیل ہوجاتے ہیں، اس لیےاب میک اپ ایکسپرٹ، کونٹورنگ کر نے کے بجائے چہرے کے پُر کشش حصوں کو زیا دہ نمایاں کرتی ہیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ کی ناک موٹی ہے لیکن آنکھیں بڑی ہیں تو ناک کو پتلا کرنے کے بجائے آنکھوں پر زیادہ توجہ دیں ،تا کہ ان کو مزید خوبصور ت بناسکیں ۔پہلے میک اپ ایکسپرٹ گھنٹوں گھنٹوں کونٹورنگ کرتی تھیں لیکن اب صرف چیک بون کو، کونٹور کرتی ہیں ،تا کہ چہرہ پتلا اور نقوش کھڑے کھڑے دکھائی دیں ۔یہ آج کا جدید ترین میک اپ ہے۔

فاؤنڈیشن

جلد کی خوبصورتی کے لیے پر فیکٹ بیس کا استعمال بہت ضروری ہوتا ہے۔اس سے جلد کا کھردارہ پن کم اور جلد چکنی اور ہموار ٹون میں آجاتی ہے۔اسی لیے فائونڈیشن کو دوسری جلد بھی کہا جاتا ہے اور اس کا جلد سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے ۔اگر آپ کی جلد خشک یا نارمل ہے تو لیکوئڈفائونڈیشن استعمال کریں ۔آج کل میک اپ ایکسپرٹ (نومیک اپ ) کو فروغ دے رہی ہیں۔ اس میں جلد سے ملتا جلتا بیس معمولی مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے ۔کم عمر لڑ کیوں کے لیے مکمل میٹ میک اپ اور خواتین کے لیے ہلکا شمری میک اپ موزوں رہتا ہے اور جن خواتین کی جلد بالکل صاف اور ایک ٹون میں ہو، انہیں نیچرل لک میک اپ کے لیے کومپیکٹ پائوڈراستعمال کرنا چاہیے یہ پف کی مدد سے آسانی سے لگا یا جاسکتا ہے ۔

پلکیں

آج کل کےمیک اپ ٹرینڈ میں صرف چند رنگوں پر ہی اکتفا نہیں کیا جارہا بلکہ اس میں اب کافی حد تک جدت آگئی ہے ۔خواتین ان کو اپنانے کے لیے نئے نئے تجربے بھی کررہی ہیں اب صرف بھوری ،سیاہ رنگ کی نہیں بلکہ مختلف رنگوں کی پلکیں زیادہ پسند کی جا رہی ہیں اور ان کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے بلو ،ریڈش برائون مسکارا استعمال کریں ۔

آئی بروز

کچھ عرصے قبل تک آئی بروز کو بہت باریک اور آرچ میں بنانے کا فیشن مقبول تھا،پھر ایک دور ایسا آیا جب آئی بروز کو چوڑا بنا یا جانے لگا لیکن اب یہ ٹرینڈ بھی بدل چکا ہے اور آج کل آئی بروز کوقدرتی شیپ دیا جارہا ہے ۔علاوہ ازیں نہ تو ڈارک بلیک اور ڈارک برائون رنگ کی پینسل استعمال ہورہی ہے بلکہ کلر کے معمولی استعمال سے آئی بروز کو شیپ اور ہلکی سی تھریڈنگ کر کے سوفٹ ٹچ دیا جارہا ہے۔

لپ اسٹک

ہونٹ چہرے کا وہ واحد حصہ ہیں جو حُسن کی نمایاں عکاسی کرتے ہیں اور آپ کے میک اپ کو فائنل ٹچ بھی دیتے ہیں ،اگر آپ میک اپ کی دوسری اشیاء کے بجائے صرف ہلکی سی لپ اسٹک ہی استعمال کر لیں تو آپ کا چہرہ خوبصورت لگے گا ۔

آج کل لپ اسٹک کےگہرے اور ہلکے دونوںشیڈزا ستعمال کیے جارہے ہیں ۔ کچھ عرصے پہلے تک پتلے ہونٹوں کو خوبصورتی کی علامت سمجھا جاتا تھا اور آئوٹ لائن بنانے کے لیے گہرے رنگ کی پینسل کاا ستعمال کیا جاتا تھا ،مگر آج کل ہلکے رنگ سے آئوٹ لائن بنائی جاتی ہے ،نیزآج کل ہونٹوں کو موٹاکرنے کا فیشن ہے ،جس کے لیے لائٹ اورڈارک دونوں ہی شیڈز استعمال کیے جارہے ہیں اور لپ اسٹک کے بعد ہلکا سا لپ بام بھی لگایا جاتا ہے۔

آنکھیں

آنکھوں پر بہت ہی سوفٹ میک اپ کا فیشن زیادہ مقبول ہے ،کاجل اور گہرے رنگ کے میک اپ کا فیشن اتنا زیادہ اِن نہیں رہا ، البتہ مختلف رنگ کے لائنر لگا کر آنکھوں کو دل کش بنایا جا رہا ہے۔

میک اپ کو بہتر کرنے کے طریقے

اگر آپ فیشن کی مناسبت سے اور خوبصورت میک اپ کرنا چاہتی ہیں تو اس کے لیے آپ کو چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔سب سے پہلے یہ کہ میک اپ کو برابری سے کیا جائے ۔اس کے لیے لازمی ہے کہ معیاری فائونڈیشن استعمال کریں، انتخاب اپنی جلد کی مناسبت سےکریں۔ چیک کرنے کے لیے تھوڑا سافائونڈیشن ہاتھ کی پشت پر لگاکر اچھی طرح سے ملیں ،جب جذب ہوجائے تو روشنی میںاس کو دیکھیں کہ وہ آپ کی جلد کے مطابق ہے یا نہیں ۔اگر یہ آپ کی رنگت سے زیادہ گہرا ہے تو جلد کے لیے مناسب رہے گا اور میک اپ میں اچھا اثر ڈالے گا ۔

ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ، کبھی بھی ہلکے فائونڈیشن کا انتخاب نہ کریں ۔گہرے رنگت کی حامل خواتین کے لیے فائونڈیشن منتخب کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے ۔اگر آپ اپنی جلد کی مناسبت سے فاؤنڈیشن نہیں استعمال کریں گی تو چہرے پر میک اپ کی لائنز پڑنا شروع ہو جائیں گی اور اگر آپ کی جلد کے مطابق فاؤنڈیشن نہ ملے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، آپ اس کے دو شیڈز ملا کر بھی استعمال کر سکتی ہیں، البتہ چہرے پر لگاتے ہوئے اس بات کا ضرور خیال رکھیں کہ یہ نرم حالت میں ہو۔،جما ہوا نہیں ہو ۔پورے چہرے پر چھوٹے چھوٹے نقطوں کی طرح لگائیں۔