• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کیمیکل ملے دودھ کی فروخت کا انکشاف، 27 دکانیں سیل

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی میں کیمیکل ملے دودھ کی فروخت پر مزید 7 دکانیں سیل کر دی گئیں جس کے بعد سیل کی گئی دکانوں کی تعداد 27 ہو گئی۔

کمشنر کراچی حسن نقوی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف مہم جاری ہے، مضر صحت دودھ کی فروخت پر منگل کو مزید 7 دودھ کی دکانیں سیل کی گئیں، 3 دکانیں ضلع جنوبی، 3 شرقی اور ایک ملیر میں سیل کی گئی۔

ترجمان کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ 2 دن میں مجموعی طور پر دودھ کی 27 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر حکام شریک ہوئے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دودھ کے معیار کی چیکنگ اور ملاوٹ کے خلاف مہم جاری رہے گی۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ دودھ کی سربمہر دکانوں کو بھاری جرمانے کے بغیر ڈی سیل نہیں کیا جائے گا، دکانوں کو ملاوٹ سے پاک دودھ فروخت کرنے کی تحریری یقین دہانی بھی دینا ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید